پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ ، محترمہ پی سمیتا، پروفیسر اشرف رفیع، ڈاکٹر ممتاز مہدی، محترمہ انورادھا نائیک اور سیدہ سلویٰ فاطمہ پائیلٹ کا خطاب
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( راست ) انجمن ریختہ گویان حیدرآباد کے زیر اہتمام ’’عالمی یوم خواتین ‘‘ کے موقع پر اردو ہال حمایت نگر میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ صدارت ڈاکٹر ممتاز مہدی نے کی اور مہمانان خصوصی کے طور پر پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ ، پروفیسر اشرف رفیع، محترمہ پی سمیتا، محترمہ انورادھا نائیک، ڈاکٹر مدھومتی ہُل سُرکر اور فخر حیدرآباد سیدہ سلویٰ فاطمہ پائیلٹ نے شرکت کی۔ جناب محمد قمر الدین ، پروفیسر ایس اے شکور، مولانا مظفر علی صوفی ابوالعلائی ، جناب صوفی سلطان شطاری اور جناب ایم اے ماجد نے بحیثیت میزبان شرکت کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر ایس ایم رحمت نے قرآنی حوالہ کے ذریعہ عورت کی عظمت و حرمت کو پیش کیا۔ پروفیسر اشرف رفیع نے کہا کہ تقریب میں کثیر تعداد میں ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی خواتین کی موجودگی عورت کے خودمختار ہونے کا ثبوت پیش کررہی ہے۔ آئی آر ایس آفیسر پی سمیتا نے کہا کہ اگر سچی لگن سے کام کیا جائے تو سبھی کامیاب ہوسکتے ہیں جس کی روشن مثال سیدہ سلویٰ فاطمہ ہیں جو اپنی غربت کے باوجود اپنی لگن اور محنت کے ذریعہ ایک کامیاب کمرشیل پائیلٹ بن گئی ہیں۔ ڈاکٹر مدھومتی ہُل سُرکر نے کوویڈ کے دوران کی گئی اپنی خدمات کا ذکر کیا ۔محترمہ سیدہ سلویٰ فاطمہ نے اپنی زندگی کے جدوجہد کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آسمان میں اُڑنا ان کیلئے ہمیشہ سے کشش کا باعث رہا تھا۔ ابتداء میں ڈاکر جاوید کمال نے تقریب کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس تقریب میں جن خواتین کو تہنیت پیش کی گئی ان میں ڈاکٹر آمنہ تحسین، ڈاکٹر حمیرہ سعید، محترمہ مسرت شہید، ڈاکٹر نکہت آراء شاہین، ڈاکٹر گل رعنا، محترمہ رفیعہ نوشین، ڈاکٹر رفیعہ سلیم، ڈاکٹر مدھومتی ہُل سُرکر، ڈاکٹر زیبا انجم، محترمہ عرشیہ عامرہ خان کے علاوہ محترمہ سیدہ سلویٰ فاطمہ، محترمہ انورادھا نائیک اور پی سمیتا شامل تھے۔ تقریب کا آغاز قاری محی الدین سہیل کی قرت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے ہدیہ نعتیہ پیش کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر جاوید کمال، ڈاکٹر حمیرہ سعید، محترمہ رفیعہ نوشین اور ڈاکٹر گل رعنا نے اپنے انشائیوں سے محفل کو زعفران زار بنادیا۔ وحید پاشاہ قادری ، چچا پالموری اور لطیف الدین لطیف نے تہنیتی قطعات پیش کئے۔جناب محمد قمر الدین، پروفیسر ایس اے شکور، مولانا مظفر علی صوفی، جناب صوفی سلطان شطاری اور جناب ایم اے ماجد کو پینٹنگس پیش کی گئیں۔ ڈاکٹر حمیرہ سعید، محبوب خان اصغر، لطیف الدین لطیف، ڈاکٹر نکہت آراء شاہین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور ڈاکٹر گل رعنا کے شکریہ پرتقریب کا اختتام عمل میں آیا۔