انجن والے راکٹ ’کلام۔ 5‘ کی کامیاب لانچنگ

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد کی اسٹارٹ اَپ کمپنی ’اسکائی روٹ ایرواسپیس‘ کی زبردست کامیابی
آئندہ سال ’کلام سیریز‘ کے مزید تجربات کا پروگرام

حیدرآباد : پہلی مرتبہ راکٹ انجن کی حامل ’’ٹھوس راکٹ‘‘ کا ’اسکائی روٹ ایرواسپیس‘ نے گزشتہ ہفتے کامیاب تجربہ کیا ہے۔ شہر میں قائم ٹکنالوجی ’اسٹارٹ اَپ‘ کمپنی نے اس تجرباتی مرحلہ کو ’Kalam-5‘ کا نام دیتے ہوئے اسے ہندوستان کے میزائل میان اور سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سے موسوم کیا ہے۔ یہ تجربہ اسکائی روٹ کے انوسٹر ’سولار انڈسٹریز‘ کے ملکیتی پرائیویٹ ٹسٹ سنٹر واقع ناگپور میں 22 ڈسمبر کو کیا گیا۔ اسکائی روٹ نے کہا کہ اس تجربہ کے ساتھ وہ ہندوستان کی ایسی پہلی خانگی کمپنی بن چکی ہے جس نے مکمل ’’سالڈ پروپلشن راکٹ اسٹیج‘‘ کا ڈیزائن تیار کیا، اسے بنایا اور کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ’کلام۔ 5‘ عصری کاربن اسٹرکچر پر مشتمل ہے، جو وزن کے اعتبار سے اسٹیل (فولاد) کے مقابل پانچ گنا ہلکا ہے۔ اِسرو کے سابق سائنسدانوں کے قائم کردہ اسٹارٹ اپ نے کہا کہ یہ ٹھوس راکٹ موٹرس کی پانچ کلام سیریز کا پہلا اسٹیج ہے۔ یہ 15 مختلف عصری مادوں، تیاری کے 9 مختلف طریقوں کو بروئے کار لاتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس میں حرکت کرنے والا کوئی پُرزہ استعمال نہیں ہوتا ہے۔ اسکائی روٹ ایرواسپیس کے شریک بانی اور سی ای او پون کمار چندنا نے بتایا کہ بقیہ چار موٹرس مینوفیکچرنگ کے مختلف مراحل میں ہیں اور ان کا تجربہ 2021ء میں کیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کی پہلی لانچ وہیکل وکرم۔ I کی تیاری سرگرمی سے جاری ہے اور اسے اِسرو کی مدد سے ڈسمبر 2021ء میں داغنے کا نشانہ ہے۔ اس ٹسٹ کے ساتھ اور اگسٹ 2020ء میں کئے گئے رمن انجن تجربہ کو ملا کر اسکائی روٹ نے وکرم۔ I میں تمام پروپلشن ٹکنالوجیز کا کامیابی سے مظاہرہ کیا ہے۔ اسکائی روٹ ایرواسپیس کے بانی اور سی او او ناگا بھرت نے کہا کہ وکرم۔ I لانچ وہیکل کے تیسرے مرحلہ ’کلام۔100‘ کا تجربہ چند ماہ میں اِسرو کے کسی مرکز میں طے کیا جارہا ہے۔