انجینئرنگ کورسس علاقائی زبانوں میں پڑھائے جائینگے: مودی

   

قومی تعلیم پالیسی کے ایک سال کی تکمیل پر وزیراعظم کا خطاب

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے ایک سال کی تکمیل پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ قوم سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انجینئرنگ کورسس اب جملہ 11 علاقائی زبانوں میں پڑھائے جائیںگے جس سے غریب، ضرورتمند اور دلتوں کے علاوہ پسماندہ طبقات کے طلبہ کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 11 علاقائی زبانوں میں انجینئرنگ کے نصاب کے ترجمے کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے علاقائی زبانوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ نئے طریقہ کار سے غریب اور پسماندہ طبقات کو فائدہ حاصل ہوگا۔ قومی تعلیمی پالیسی کو گزشتہ سال وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی تھی۔ نئی پالیسی کو 1986 ء میں وضع کردہ پالیسی سے تبدیل کیا گیا۔ اس کا مقصد اسکولوں اور اعلی تعلیم کے نظام میں اصلاحات کے لیے راہ ہموار کرنا تھا تاکہ ہندوستان کو گلوبل نالج سوپر پاور میں تبدیل کیا جاسکے۔ وزیراعظم نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے ایک سال کی تکمیل پر تمام طلبہ کو مبارکباد دی اور بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اساتذہ، پرنسپل اور پالیسی سازوں نے قومی تعلیمی پالیسی پر موثر عمل آوری کے لیے سخت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور اس کے بلندیوں پر پہنچنے کا دارومدار اس تعلیمی نظام پر ہے جو ہم نوجوانوں کو دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی ملک کی تعمیر نو میں ایک اہم عنصر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان تبدیلی لانے کے لیے تیار ہیں اور وہ اس کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتے۔ مودی نے کہا کہ کورونا وائرس انہیں سارے منظر کو تبدیل کردیا ہے۔ لیکن طلبہ نے اس صورتحال کو بھی اختیار کیا اور آن لائین تعلیم کے طریقہ کار کے ذریعہ اپنے حصول علم کو جاری رکھا۔