حیدرآباد 3 مارچ ( این ایس ایس ) سینئر کانگریس لیڈر وجئے شانتی نے آج برسر اقتدار ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ان کی پارٹی میں ارکان اسمبلی کے انحراف کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اقدامات جمہوریت اور جمہوری اقدار کی ہتک کرنے کے مترادف ہیں۔ وجئے شانتی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دوسری سیاسی جماعتیں بھی آپریشن آکرش کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں اور جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل صدر نشین سوامی گوڑ نے ٹی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے تمام ایم ایل سیز کو نا اہل قرار دیدیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے جاننا چاہتی ہیں کہ آیا وہ بھی اب ان ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینگے جو کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہو رہے ہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپوزیشن کی صفوں میں انحراف کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کا یہ طریقہ کار در اصل جمہوریت کی ہتک ہے ۔