اندازہ نہیں تھا فلم اتنی کامیاب ہوگی: شاہ رخ خان

   

ممبئی، 5 دسمبر (آئی اے این ایس) آئیکانک فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے (ڈی ڈی ایل جے) کے 30 سال مکمل ہونے پر شاہ رخ خان اور کاجول نے لندن کے لیسٹر اسکوائر میں اپنے کرداروں راج اور سمرن کے برونز مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ ڈی ڈی ایل جے پہلی ہندوستانی فلم ہے جسے لیسٹر اسکوائر میں مجسمے کی صورت میں اعزاز دیا گیا ہے۔ یہاں اس سے قبل ہیری پوٹر، میری پاپنز، پیڈنگٹن، ’سنگن ان دی رین‘، بیٹ مین اور ونڈر وومن جیسے تاریخی فلمی کرداروں کے مجسمے نصب ہیں۔ اس اعزاز پر ردِعمل دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے اعتراف کیا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ڈی ڈی ایل جے ایک عالمی ریکارڈ بن جائے گی۔ انہوں نے کہا میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں ایسی فلم کا حصہ رہا اور اس کا بہت شکر گزار ہوں۔ سچ کہوں تو ہم میں سے کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ ڈی ڈی ایل جے لوگوں کے دلوں میں اس طرح جگہ بنائے گی۔ آدی (آدتیہ چوپڑا) اور سب کو یقین تھا کہ فلم اچھی ہوگی اور لوگ پسند کریں گے، لیکن اس کی اس سطح کی مقبولیت کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ لندن میں مجسمہ نصب ہونے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا یہ میرے اورکاجول دونوں کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، اور ہندوستانی فلم انڈسٹری کے لیے بھی بڑا لمحہ ہے۔ یوکے خاص طور پر لندن، ہماری مقبولیت میں اہم کردار رکھتا ہے۔ ہم ہندوستان میں تو اچھا کام کر رہے تھے، مگر بیرونِ ملک جسے اْس وقت ’اوورسیز مارکیٹ‘ کہا جاتا تھا سب سے بڑا بازاریوکے ہی تھا۔ انہوں نے فلم کے سفرکو یاد کرتے ہوئے کہا ڈی ڈی ایل جے ایک نوجوان ٹیم کا پروجیکٹ تھا۔ آدتیہ چوپڑا ہدایتکاری کر رہے تھے، کرن جوہر اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔ یہ30 سے 40 دن کا ایک مزے دارسفر تھا اور ہم نے فلم بہت جلدی مکمل کی، خاص طور پر سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ میں۔ یہاں لیسٹر اسکوائر میں تو ہم نے ایک سین بغیر اجازت کے جلدی سے شوٹ کیا اور نکل گئے۔ شاہ رخ خان نے کہا یہ ہندوستانی سینما کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور بالکل بجا طور پر یہ اعزازیوکے میں ملا ہے، جہاں سے ہندوستانی فلموں کو عالمی سطح پر پہچان ملنا شروع ہوئی تھی۔