اندرا پارک احتجاجی دھرنا کو کامیاب بنانے پر زور

   

ملک کے دستور کا تحفظ لازمی ، علی مسقطی نائب صدر تلگو دیشم کا بیان
حیدرآباد۔7فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9فروری اتوار کے دن 11تا5 بجے دن اندرا پارک پھر منعقد کئے جانے والے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے شہری دستور کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ جناب علی مسقطی نائب صدر تلگو دیشم نے شہریان حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اندرا پارک کے دھرنے میں لازمی شرکت کریں کیونکہ یہ کوئی کسی کا شخصی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ مسئلہ ملک کے دستور کے تحفظ کا ہے۔ انہو ںنے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ ہر گھر سے اس دھرنے میں شرکت کو یقینی بنایا جایء کیونکہ موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت عوام میں تفرقہ پیداکرتے ہوئے انہیں بانٹنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ہندستان بھر میں احتجاجی مظاہروں نے ثابت کردیا کہ ہندستان کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم نہیں کیا جاسکتا ۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جب تک سی اے اے سے دستبرداری کا اعلان نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کے مختلف مقامات پر ان دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور کوئی طاقت عوام کو ان کے جمہوری حق کے استعمال سے روک نہیں سکتی ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے احتجاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کی جو کوشش کی جا رہی ہے ان کوششوں کو عدالت کے ذریعہ ناکام بناتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اس احتجاج کو منظم کرنے کی ہموار کی ہے اور اس احتجاج میں شامل ہونا ہر مذہب‘ ذات پات اور طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہندستانی شہریو ں کی ذمہ داری ہے کیونکہ ہندستانی حکومت کو اب یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ وہ خواہ کتنی ہی نفرت نہ پھیلائیں ہندستانی عوام متحد ہیں اور ان کے اتحاد میں رخنہ پیدا کرنا بھارتیہ جنتا پارٹی یا کسی اور فرقہ پرست سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں ہے ۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں روزانہ احتجاج منظم کئے جا رہے ہیں لیکن اب اتوار کو جو احتجاج منظم کیا جائے گا وہ بڑے پیمانے پر ہوگا اور اس احتجاجی مظاہرہ کے دوران جوائنٹ ایکشن کمیٹی جانب سے آئندہ کا لائحہ عمل طئے کرتے ہوئے عوام کو سی اے اے‘ این آر سی اور این پی آر کے متعلق شعور بیداری مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہو ںنے مزید کہا کہ احتجاج کے سلسلہ کو کمزور نہ ہونے دینا ہی احتجاج کی کامیابی ہے اسی لئے وہ تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں وہ اس احتجاج میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔