اندرا پارک پر بیروزگار نوجوانوں کا دھرنا

   

حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے سینکڑوں خواہشمندوں نے دھرنا چوک پر احتجاج منظم کرتے ہوئے حکومت سے جاب کیلنڈر کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ بیروزگار نوجوانوں نے پبلک سرویس کمیشن سے وعدے کے مطابق تقررات کے نوٹیفکیشن کی اجرائی پر زور دیا۔ حیدرآباد اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے احتجاج میں حصہ لیا جس کی پولیس سے اجازت لی گئی تھی۔ احتجاجی کانگریس پارٹی کی جانب سے 2 لاکھ تقررات کے وعدے کی تکمیل کی مانگ کررہے تھے۔ احتجاجیوں نے پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جس پر جاب کیلنڈر اور 2 لاکھ تقررات جیسے نعرے درج تھے۔ سیاسی پارٹیوں کی سرپرستی کے بغیر ہی بیروزگار نوجوانوں نے اپنی تنظیم کے بیانر تلے پرامن احتجاج منظم کیا۔ احتجاجیوں کا الزام ہے کہ حکومت نے ایک ہی وقت میں 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا تھا لیکن 2 سال گزرنے کے باوجود وعدے کی تکمیل نہیں کی گئی۔ حکومت 2 سال میں 70 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا دعویٰ کررہی ہے حالانکہ الیکشن مہم میں برسر اقتدار آتے ہی 2 لاکھ جائیدادوں کو پُر کرنے کا تیقن دیا گیا تھا۔1