حیدرآباد۔21۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے اندرا پارک پر بیروزگار نوجوانوں کے ایک روزہ احتجاجی بھوک ہڑتال کی اجازت دے دی ہے۔ کل جماعتی قائدین کی جانب سے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی اجازت کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا کہ بھوک ہڑتال میں 500 سے زائد افراد شریک نہ ہوں اور ہڑتال سے 48 گھنٹے قبل پولیس کو اطلاع دی جائے۔ تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے کل جماعتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس نے مختلف پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔ ہائیکورٹ نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ بیروزگار نوجوانوں کو بھوک ہڑتال کی اجازت دے۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے بھوک ہڑتال کی اجازت کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ پولیس نے 17 اپریل کو بھوک ہڑتال کی اجازت نہیں دی تھی جس کے نتیجہ میں ہائیکورٹ میں آئندہ کسی تاریخ کو اجازت دینے کی اپیل کی گئی۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء کے خلاف بھوک ہڑتال دی جارہی ہے ۔ عدالت کی اجازت کے بعد کل جماعتی کمیٹی بھوک ہڑتال کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ر