اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کا عنقریب آغاز : سرینواس ریڈی

   

کسانوں کے قرض معافی کے تحت 20 ہزار کروڑ کی اجرائی، وعدوں کی تکمیل میں حکومت سنجیدہ
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ عوام کے لئے حکومت کی جانب سے سری رام نومی کے بعد ایک اور خوشخبری کا اعلان کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو انتخابی وعدے کئے اُن پر مرحلہ وار عمل آوری کی جارہی ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیر مال نے کہاکہ سری رام نومی کے بعد اندراماں ہاؤزنگ کے استفادہ کنندگان کو مکانات کی تعمیر کے لئے امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کا سری رام نومی کے بعد آغاز ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کسانوں کی ہر ممکن ترقی اور فلاح کے حق میں ہے۔ وزیر مال نے کہاکہ اگر عہدیداروں کی جانب سے اسکیمات پر عمل آوری میں کوتاہی کی جاتی ہے تو اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں سے دھان کی خریدی کے معاملہ میں ضلع کلکٹرس کو واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ قرض معافی کے تحت 20609 کروڑ جاری کئے گئے اور حکومت نے وعدے کے مطابق 2 لاکھ تک قرض معاف کیا ہے۔1