ممبئی :اداکارہ اور ایم پی کنگنا رناوت نے ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کوکمزور قرار دیا ہے۔کنگنا نے کہا کہ انہوں نے اس موضوع پرکافی تحقیق کی ہے، اس کے بعد وہ یہ کہہ رہی ہیں۔کنگنا نے اپنی نئی فلم ایمرجنسی میں اندراگاندھی کا کردار اداکیا ہے۔ اندرا گاندھی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کے بارے میں ان کی سوچ بالکل غلط نکلی۔ فلم ڈائریکشن کے حوالے سے بھی ان کی آوازکافی مختلف نظر آئی۔کنگنا نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے بہت فخر ہے کہ آج فلم انڈسٹری میں ایک بھی ڈائریکٹر ایسا نہیں ہے جس کے ساتھ میں کام کرنا چاہتی ہوں، کیونکہ ان میں وہ معیار نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ میرے لائق نہیں ہیں۔کنگنا نے یہ تمام باتیں مشہور فلم ایمرجنسی’ کی ریلیز سے قبل ایک نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں کہیں۔کنگنا رناوت نے خود اس فلم کی ہدایت کاری کی ہے جس میں اس وقت کے وزیر اعظم کی طرف سے 1975 میں لگائی گئی 21 ماہ کی ایمرجنسی کو دکھایا گیا ہے۔