ترمن پلی اور ڈچپلی میں تعمیراتی کاموں کا جائزہ، ریاستی مینیجنگ ڈائریکٹر وی پی گوتم کا خطاب
نظام آباد۔ 7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد ضلع میں اندرامّا ںہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر میں قابل قدر پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف ریاستی ہاؤسنگ کارپوریشن سکریٹری اور منیجنگ ڈائریکٹر وی پی گوتم نے کیا۔ وی پی گوتم نے اندلوائی منڈل کے ترمن پلی اور ڈچپلی منڈل کے گن پور گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے اندرامّاں مکانات کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مستحقین سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات معلوم کی۔ بعد ازاں کلکٹریٹ میں انہوں نے کلکٹر ونئے کرشناریڈی کے ہمراہ تمام منڈل سطحی عہدیداروں بشمول میونسپل کمشنروں، ایم پی ڈی اوز اور انجینئرنگ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے پائور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں اندرماں مکانات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 19,306 مکانات کے لیے نشانہ مقرر کیا گیا، جن میں سے 17,291 مکانات کی منظوری دی گئی اور ان میں 9,360 مکانات کا گراؤنڈنگ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 5,541 مکانات مختلف مراحل میں زیر تعمیر ہیں۔ ان میں 4,647 مکانات بیسمنٹ مرحلے میں، 665 دیواروں کی تعمیر کے مرحلے میں اور 229 مکانات سلاب لیول تک پہنچ چکے ہیں۔ایم ڈی ہاؤسنگ وی پی گوتم نے ہدایت دی کہ مستحقین کے نام فہرست سے حذف نہ ہوں، اس بات کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت کا مقصد غریب خاندانوں کو ذاتی گھر فراہم کرنا ہے اس لیے تمام اہل افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے اور فیلڈ سطح پر نگرانی کو مؤثر بنایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نااہل افراد کو مکان نہ دیا جائے اور اس ضمن میں کسی دباؤ کو قبول نہ کیا جائے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ کسی بھی قسم کی بے قاعدگی پر متعلقہ عہدیدار ہی جوابدہ ہوں گے۔اس جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر انکیت، آرمور سب کلکٹر ابھیگنان مالویا، ٹرینی کلکٹر کیرولینا چنگتیان ماوی، زیڈ پی سی ای او سایا گوڑ، میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، میپما پی ڈی راجندر، ضلع ہاؤسنگ پی ڈی پون، آر اینڈ بی، پنچایت راج انجینئرز، میونسپل کمشنرز، ایم پی ڈی اوز، ہاؤسنگ اے ایز اور دیگر عہدیدار بھی اجلاس میں موجود تھے۔