نرساپور مارکٹ یارڈ میں’’ ریت بازار‘‘ کاریاستی وزیرویویک وینکٹ سوامی کے ہاتھوں افتتاح
میدک۔18 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر محنت ویویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ اندرماں گھروں کی تعمیر کرنے والے مستفیدین کو حکومت رعایتی نرخ پر ریت فراہم کررہی ہے تاکہ ان پر معاشی بوجھ کم ہو۔ نرساپور مارکیٹ یارڈ میں ٹی ایس ایم ڈی سی کے تحت قائم کردہ ’’ریت بازار‘‘ اور ویکنٹھ دھام کا افتتاح ضلع انچارج وزیر ویویک وینکٹ سوامی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اندرامّاں گھروں کی تعمیر کے لئے ریت بلا معاوضہ دی جارہی ہے، تاہم نلگنڈہ سے لائی جارہی ریت کی فی میٹرک ٹن ٹرانسپورٹ چارجس کے طور پر صرف 1200 روپے ادا کرنے ہوں گے، جس کے لئے دیہات کے سکریٹری کے ذریعہ ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا مقصد ریاست سے ریت مافیا کا خاتمہ ہے۔ میدک ضلع کے لئے دس ہزار اندرامّا گھروں کی منظوری دی گئی ہے جن میں 32 سے 40 فیصد گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ کانگریس حکومت کے آنے کے بعد 10 لاکھ تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور اب تک 27 ہزار مریضوں نے راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت استفادہ کیا ہے جس کے لئے 900 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد میدک ضلع کو 20 ہزار نئے راشن کارڈ اور ریاست بھر میں 17 لاکھ نئے راشن کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر مسٹر راہول راج نے کہا کہ اندرامّا گھروں کے لئے ضلع اور حلقہ سطح پر ریت بازار قائم کئے گئے ہیں۔ مستفیدین 1200 روپئے بطور ٹرانسپورٹ چارج ادا کرکے پنچایت سکریٹری کے ذریعہ ٹوکن حاصل کرنے کے بعد مقررہ مقدار میں ریت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر ناگیش، ضلع لائبریری کمیٹی کی چیرپرسن سہاسنی ریڈی، آر ڈی او مہپال ریڈی، تحصیلدار سرینواس، ٹی ایس ایم ڈی سی پراجکٹ ڈائرکٹر،رام پرساد سابق رکن اسمبلی نرساپور مدن ریڈی۔انچارچ کانگریس پارٹی نرساپور انجی ریڈی صدر کانگریس ضلع میدک انجانیلو گوڑ عوامی نمائندے اور متعلقہ عہدیداران شریک تھے۔