اندرون 10یوم شیواجی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کا مطالبہ

   


شیوسینا ، بی جے پی ، آر ایس ایس اور بجرنگ دل کے قائدین کی آر ڈی او بودھن سے نمائندگی

بودھن ۔ 10 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بودھن شہر کے اکثریتی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیرتعداد بشمول خواتین کے ایک وفد نے دفتر آر ڈی او بودھن پہونچکر آر ڈی اوراجیشور سے ملاقات کی اور اُن سے شہر کے وسط میں واقع امبیڈکر چوارستہ پر ہندو تنظیموں کی جانب سے تقریباً دس ماہ قبل نصب کردہ شیواجی مہاراج کے مجسمہ کی اندرون دس دن نقاب کشائی انجام دینے کا مطالبہ کیا ۔ اس وفد کی قیادت کرنے والے بی جے پی ، شیوسینا ، بجرنگ دل و آر ایس ایس وغیرہ سے تعلق رکھنے والے قائدین نے آر ڈی او بودھن کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مقامی انتظامیہ دس دنوں میں شیواجی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دینے میں ناکام ہوجاتی ہے تو بودھن شہر میں مقیم ہندو برادری کے لوگ از خود آگے بڑھ کر مجسمہ کی نقاب کشائی کا کام انجام دیدیں گے ۔ سابقہ فلور لیڈر بلدیہ بودھن راما راجو نے کہا کہ ہندو تنظیموں کی جانب سے منظم طریقہ پر دس دنوں کے بعد شیواجی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کیلئے تحریک کا آغاز عمل میں آئے گا ۔ اس دوران شہر میں موجود تمام اکثریتی طبقہ کے افراد سے ان گھر گھر پہونچکر نقاب کشائی تقریب میں شرکت کرنے اُنھیں مدعو کیا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی ۔ واضح ہوکہ تقریباً دس ماہ قبل مجلس بلدیہ بودھن کے اجلاس میں شہر کے اہم مقام پر شیواجی کے علاوہ دیگر مسلم و اکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے نامی گرامی ہستیوں کے مجسمے نصب کرنے قرارداد منظور کی گئی تھی لیکن بعض فرقہ پرست سیاسی قائدین بودھن شہر کی پرامن فضا کو مکدر کرنے اچانک راتوں رات شیواجی مہاراج کا مجسمہ نصب کردیا تھا جس پر بلا سیاسی وابستگی مقامی مسلم کونسلرس و قائدین نے اعتراض درج کروانے احتجاج منظم کیا تھا تب مقامی رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر نے مسئلہ کے خوشگوار حل کیلئے تمام قائدین کے مجسمے ایک ساتھ ہی نصب کرنے کی تجویز پیش کرکے بودھن شہر میں پھیل رہی بدامنی کی ہوا کا رُخ امن کی جانب موڑ دیا تھا ۔