غزہ : فلسطین میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی طیاروں کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 84 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں، ہاسپٹلوں اور مارکیٹوں پر وحشیانہ حملے جاری ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 84 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 168 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ 6 شہداء کی نعشیں تباہ شدہ ملبوں سے نکالی گئی ہیں جبکہ متعدد فلسطینی اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ میں 18 مارچ سے دوبارہ شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 2,062 تک پہنچ گئی ہے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد سے اب تک 5,375 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 51 ہزار 439 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہیں۔ غزہ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 117,416 تک پہنچ گئی ہے۔