20 نومبر شکایتوں کی وصولی کے ساتھ ہی عمل : کمشنر لوکیش کمار
حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : آپ کے علاقہ کی خراب سڑکوں کی وجہ سے آپ پریشان ہیں تو پھر شکایت درج کرائیں تو سڑکوں کی 48 گھنٹوں کے اندر مرمت کردی جائے گی ، یہ بات کمشنر عظیم تر مجلس بلدیہ حیدرآباد لوکیش کمار نے بتائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 20 نومبر تک مرمتی کام مکمل کیے جائیں گے اور اس کے بعد عوامی رائے و شکایات وصول کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ جس کے بعد 20 نومبر سے عوامی رائے و شکایات کی وصولی کے بعد 24 تا 48 گھنٹوں کے اندر مسئلہ کو حل کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ جب کہ یس آر ڈی پی اسکیم کے تحت جاری تعمیراتی کاموں میں بھی تیزی لائی گئی ہے اور بہت سارے پراجکٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں جو 3 ۔ 4 ماہ کے اندر ان پراجکٹس کا افتتاح عمل میں آجائے گا ۔ کمشنر لوکیش کمار نے پراجکٹس کے آغاز میں تاخیر پر کہا کہ جائیدادوں کے حصول میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں ۔ لہذا ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قبل از وقت 80 تا 85 فیصد جائیداد حاصل کرنے کے بعد ہی کاموں کے آغاز کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کی وجہ سے نا صرف کاموں میں تیزی آئے گی بلکہ عوام کو بھی مشکلات سے نجات ملے گی اور اب فی الحال 280 تا 300 کروڑ تک کی جائیدادیں حاصل کی جارہی ہیں ۔ لوکیش کمار نے مزید بتایا کہ شہر میں 709 کلومیٹرس پر محیط سڑکوں کو خانگیانہ کیا گیا ہے اور ان سڑکوں کی دیکھ بھال و مرمت کے لیے 5 برس کے عرصہ میں 1827 کروڑ کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور یہ تمام اخراجات حکومت نے ادا کرنے کا تیقن دیا ہے ۔۔