حیدرآباد۔27 ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے آج دیہی علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میںریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے خاطر خواہ بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے اور اس بجٹ کا منصوبہ کے تحت تیار کردہ پروگرامس میں بہتر انداز سے استعمال یقینی بنایاجائے۔ ڈاکٹر ایس کے جوشی نے ضلع کلکٹرس اور پنچایت راج عہدیداروں سے دیہی علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میں شروع کردہ ترقیاتی کاموں کے موقف اور ان کی تکمیل کے لئے تیار کردہ منصوبوں کی تکمیل کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کی جس پر عہدیداروں نے انہیں ترقیاتی کاموں کے موقف کے سلسلہ میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات تیز کئے جاچکے ہیں اور بجٹ کی اجرائی کے ذریعہ کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایاجارہا ہے۔ڈاکٹر ایس کے جوشی نے حکومت کی جانب سے شروع کردہ دیہی علاقوں اور مواضعات کی ترقی کے کاموں کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ حکومت کے منصوبہ کے مطابق اندرون 100 یوم کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے طرز پر ترقی فراہم کرنے کے علاوہ ان علاقوں کو مثالی بنانے کے عمل کے بعد شہری علاقوں کے ترقیاتی کاموں کی شروعات کو یقینی بنایاجاسکے ۔چیف سیکریٹری کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں دیگر اعلی عہدیدار اور ریاست کے بیشتر تمام اضلاع کے ضلع کلکٹرس موجود تھے ۔