اندرون گھنٹہ ایک ملین پودے لگائے گئے

   

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کی مساعی ، سنتوش کمار کا اقدام
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے گرین انڈیا چیلنج کے تحت گرین کوور میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے ہفتہ کے روز مسلسل چوتھے سال عادل آباد ضلع میں اندرون گھنٹہ ایک ملین پودے لگاتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں داخل ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ شجرکاری کا اہتمام جوگورامنا کی 58 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا ۔ شجرکاری پروگرام میں سنتوش کمار کے علاوہ وزیر ماحولیات و جنگلات اے اندرا کرن ریڈی کے ساتھ جوگو رامنا بھی سرگرم حصہ لیا ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس ارکان کے علاوہ ارکان اسمبلی ، سیاسی قائدین اور دیگر نے ماحولیات کے تحفظ کا عہد کیا ۔ انہوں نے عادل آباد ضلع کے دیہی علاقہ میں جنگلات پر مشتمل تقریبا 200 ایکڑ اراضی پر 15 لاکھ پودے لگائے ہیں ۔ یہ کام صرف 60 منٹ میں مکمل کرلیا گیا جب کہ 1.80 لاکھ پودے شہری حدود میں لگائے گئے ۔ اسی دوران والینٹرس نے عمارار و شوارع روڈ کے قریب بھی تقریبا 1.20 لاکھ پودے لگانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ پروگرام کو 10 سیکٹرس میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ جس میں ٹی آر ایس کے 30 ہزار سے زائد کارکنوں نے حصہ لیا ۔ اس پروگرام کے بعد اس بات کی امید کی جارہی ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کیا جائے گا کیوں کہ سال 2019 میں ترکی میں 303,000 پودے لگانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔ شجرکاری پروگرام کی رہنمایانہ خطوط کے مطابق ویڈیو گرافی کی گئی جس کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے روانہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ۔ دوران پروگرام مسٹر سنتوش کمار نے جوگو رامنا کو ان کی سالگرہ کے موقع پر شجرکاری پروگرام کے اہتمام پر مبارکباد پیش کی ۔ جب کہ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ وبا کے دور میں اچھے ماحول کی فراہمی کے لیے بہترین اقدام اٹھایا ہے ۔ فی الحال گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اپریشنس سرٹیفیکٹ کو جاری کیا ہے ۔۔