رانچی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یوگا گرو رام دیو نے دہلی میں ہوئے حالیہ فرقہ وارانہ فسادات پر کہا کہ اندھی قوم پرستی سے ملک کا شیرازہ بکھر جائے گا ۔ انہوں نے شاہین باغ میں بیٹھے رہو احتجاج کو نظریاتی انتہاپسندی کی پیداوار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو توڑنے سے بچانے کیلئے اتحاد ضروری ہے ۔ اندھی قوم پرستی ، نظریاتی جنگ اور انتہاپسندانہ قوم پرستی کے خلاف ملکر جدوجہد کرنی چاہئیے ۔ رام دیو نے آچاریہ کلم میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہندو مسلم کے جھگڑے میں الجھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہر شعبہ میں انتشار پسند عناصر اور امتیازی سلوک کرنے والے لوگ ہوتے ہیں لیکن ہمیں ان کا مل جل کر مقابلہ کرنا ہوگا ۔ ایک سیکولر ہندوستان کسی خاص مذہب سے تعلق نہیں رکھتا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک اندھی قوم پرستی ملک کے اتحاد کو پارہ پارہ کرسکتی ہے ۔ ہندوستان تمام مذاہب کا مجمع ہے ۔ کسی ایک مذہب ، کسی ایک پارٹی یا کسی ایک فرد واحد کا ملک نہیں ہے ۔ میں ایک ہندو ہوں جو سناتن دھرم کے تصور پر یقین رکھتا ہوں ۔ میں دیگر مذاہب کو نقصان نہیں پہونچاتا اورنہ کسی کو ڈراتا ہوں ۔