اندھیر نگری ، چوپٹ راج ‘ مودی کی حکمرانی پر راہول کا طنز

,

   

٭ بالاکوٹ میں فضائی حملوں کو مودی نے ہی سیاسی رنگ دینا شروع کیا
٭ ملک میں خود وزیراعظم پر بعض عناصر کیساتھ نفرت پھیلانے کا الزام

نئی دہلی ، دھرمشالہ ، موگا۔7مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی حکمرانی میں ملک کی صورتحال ’’اندھیر نگری، چوپٹ راج‘‘ جیسی ہوگئی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جانا چاہئے ، نہ کہ میڈیا جس نے رافیل معاملت میں ’’سرقہ‘‘ کو اجاگر کیا ہے۔ راہول نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ہندی میں لکھا: ’’پہلے رافیل کی رقم چوری کرلی گئی ، اب فائل کا سرقہ ہوگیا ہے۔ مودی جی کے خلاف ایف آئی آر ہونا چاہئے، بجائے میڈیا جس نے سرقہ کا افشاء کیا ہے۔ اسے ’اندھیر نگری، چوپٹ راج‘ کہتے ہیں‘‘۔ قبل ازیں دن میں پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر کانگریس نے کہا کہ انصاف سب کیلئے ہونا چاہئے اور اگر حکومت رافیل معاملت میں کرپشن کو اجاگر کرنے والے میڈیا کی تحقیقات کرنا چاہتی ہے تو مودی کے خلاف الزامات کی بھی تحقیقات ہونا چاہئے، جن کا نام رافیل ’اسکام‘ میں آیا ہے جیسا کہ میڈیا نے افشاء کیا ہے۔ ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان میں بالاکوٹ کے دہشت گرد کیمپ پر فضائی حملوں کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔ صدر کانگریس نے کہا کہ ان کی پارٹی پیراملٹری والوں کو جو ڈیوٹی کے دوران مارے جائیں، شہیدوں کا درجہ دے گی اور انھیں تینوں مسلح افواج والوں کے مساوی لائے گی۔ جب ہماری ایئر فورس نے فضائی کارروائی کی تب ہم نے ان کی بھرپور حمایت کی اور کانگریس والوں نے سات آٹھ روز تک ان کے تعلق کچھ نہیں کہا۔ لیکن پی ایم نے خود اس پر سیاست شروع کردی۔ راہول نے وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیا کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ ٹکراؤ کا نتیجہ ہندوستان کیلئے کہیں بہتر ہوتا بشرطیکہ رافیل طیارہ ہمیں دستیاب رہتا۔ راہول نے پنجاب کے موگا میں وزیراعظم مودی اور مرکز میں برسراقتدار بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک میں نفرت پھیلارہے ہیں ۔ وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد ہے کہ گرونانک دیوجی اسی سرزمین پر پیدا ہوئے ۔ گرونانک جی نے محبت اور اخوت کا راستہ بتایا تھا ۔ صرف پنجاب کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو لیکن آج ملک کی صورتحال نفرت سے بھری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بعض عناصر اور وزیراعظم ملک میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔ ایسا صرف پنجاب میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہورہا ہے ۔ راہول نے کہا کہ حقیقی مسائل کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔ اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی پانچ سال قبل جو تیقنات دیئے گئے تھے اُن کی تکمیل کرکے ہی کی جاسکتی ہے ۔ مودی نے تیقن دیا تھا کہ ہر سال دو کروڑ ملازمتیں پیدا کی جائیں گی اور کاشتکاروں کو پُرکشش قیمتیں حاصل ہوں گی ۔