واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ انسانی حقوق کی صورتحال پر امریکہ کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ رجحان غلط سمت میں جا رہا ہے۔ انہوں نے میانمار کی فوجی قیادت کی مظاہرین کے خلاف پرتشدد کارروائیوں اور چین کے ایغور اقلیت کے ساتھ حکومتی زیادتیوں کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق آمرانہ سوچ رکھنے والی حکومتیں کورونا بحران کو جواز بنا کا انسانی حقوق کی مزید خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔ اس رپورٹ میںہندوستان اور پاکستان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
