اسلام آباد ؍ نئی دہلی : ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہیکہ بعض ممالک اپنی خارجہ پالیسی کے طور پر دہشت گردی کی حمایت کر رہے ہیں۔ اور ایسے ملکوں کو کسی لیت و لعل کے بغیر الگ تھلگ کر دینے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 18 نومبر کو نئی دہلی میں دو روزہ ‘نو منی فار ٹیرر’ (این ایم ایف ٹی) کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی ہزاروں قیمتی جانیں گنوا دیں لیکن ہم نے دہشت گردی کا پوری بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔ دہشت گردی کے خلاف ہمارا موقف انتہائی ٹھوس ہے اور ہم کسی واحد دہشت گردانہ حملے کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی کے خلاف یکساں ’زیرو ٹالیرنس پالیسی‘ اپنانے پر زور دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی اعانت کیلئے اب نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔