انسداد رشوت ستانی کے تحت اے پی میں 57 فیصد ملزمین کو سزائیں

   

ڈی سی پی و اینٹی کرپشن بیورو اے پی آر پی ٹھاکر کا بیان
حیدرآباد /2 جنوری ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں اینٹی کرپشن بیورو کے درج کئے جانے والے کیسیس کے منجملہ 57 فیصد کیسیس میں سزائیں دلوائی جارہی ہیں اور اس طرح اینٹی کرپشن عہدیداروں کو کامیابی حاصل ہو رہی ہے ۔ سال 2018 اینٹی کرپشن بیورو کی کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کے بعد ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست آندھراپردیش و اینٹی کرپشن بیورو مسٹر آر پی ٹھاکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے 13 اضلاع میں اینٹی کرپشن بیورو دفاتر کیلئے نئی عمارتیں تعمیر کروائی گئی ہیں اور عہدیداروں کیلئے نئی گاڑیاں فراہم کرنے اور نئی گاڑیوں کی خریدی کیلئے کروڑہا روپئے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں اینٹی کرپشن بیورو کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرنے کیلئے 350 ارکان اسٹاف کی تعیناتی اینٹی کرپشن بیورو کا پہلا واقعہ ہے ۔ مسٹر آر پی ٹھاکر نے بتایا کہ مرکزی حکومت میں خدمات انجام دینیو الے ملازمین کے خلاف اے پی اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے دھاوے کرنے کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیانتداری سے خدمت انجام دینے ولے ملازمین سے ڈرنے اور گھبرانے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے بلکہ کرپشن میں ملوث پائے جانے والے ملازمین کو ہرگز نہ بخشنے کا ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر آر پی ٹھاکر نے سخت انتباہ دیا ۔