انسداد ڈینگی ، سوائن فلو اور ملیریا کے لیے جی ایچ ایم سی کے ہیلتھ کیمپس

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : مانسون کے دوران پھیلنے والے وبائی امراض سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے جی ایچ ایم سی حیدرآباد کے تمام اربن پبلک ہیلتھ سنٹرس ( یو پی ایچ سی ) اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹرس ( سی ایچ سی ) مراکز پر ڈینگی ، ملیریا اور سوائن فلو کے علاج کے کٹس تقسیم کرے گی ۔ عوام میں مانسون کے وبائی امراض کے ضمن میں شعور بیداری مہم چلانے کے علاوہ حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ماہ جولائی کو ڈینگی سے محفوظ رہنے کا مہینے کے طور پر منائیں گے ۔ دریں اثناء جی ایچ ایم سی کے کمشنر ایم دانا کشور نے کہا ہے کہ اگر کسی مقام پر ملیریا ، ڈینگی اور سوائن فلو کا کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو فورا اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سی ایچ سی اور یو پی ایچ سی کے میڈیکل آفیسر اقدامات کریں گے ۔ دونوں شہروں میں 275 کیمپس قائم کئے جائیں گے جن میں 122 کیمپس حیدرآباد ضلع کے حدود میں قائم کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں رنگاریڈی ضلع کے حدود میں 54 اور میڑچل ضلع کے حدود میں 99 کیمپس قائم کئے جائیں گے ۔۔