رانچی : بڑے بوڑھے کہتے تھے کہ جوڑیاں اوپر آسمانوں میں بنتی ہیں، لیکن اب سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، سوشل میڈیا پر جوڑیاں بننے لگی ہیں۔اور جب پیار پروان چڑھتا ہے تو عاشق اور معشوقہ سات سمندر پار کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ لیکن اگر ایک گاؤں کے لڑکا کو ایک غیر ملکی لڑکی سے محبت ہوجائے تو کہانی دلچسپ ہو جاتی ہے۔در اصل جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع کے کٹکمسانڈی بلاک علاقے کے ایک چھوٹے سے گاؤں کھوٹرا (ڈوکرا) کے نوجوان شاداب کی محبت کی کہانی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ شاداب کا تعلق کٹکمسانڈی بلاک کے گاؤں ڈوکرا سے ہے اور اب پولینڈ سے اس کی گرل فرینڈ اس سے ملنے اور اس کے ساتھ رہنے کیلئے یہاں پہنچی ہے۔یوروپ کے پولینڈ کی رہنے والی پولک باربرا کی انسٹاگرام پر شاداب سے دوستی ہوئی تھی۔ سال 2021 کے لاک ڈاؤن کے دوران بات چیت شروع ہوئی۔ اب بات یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ لڑکی اس سے ملنے اس کے گاؤں پہنچ گئی۔ حالانکہ یہ غیر ملکی لڑکی ایک سال پہلے بھی ہندوستان آچکی ہے۔ اگر اس جوڑے کی بات مانیں تو کچھ دنوں بعد دونوں کی شادی ہو جائے گی۔گرل فرینڈ پولک کی ایک 8 سالہ بیٹی آنیہ بھی ہے، جس کو شاداب نے اپنے ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آنیہ شاداب کو ڈیڈ کہہ کر بلاتی ہے۔ان کے پہنچنے کے بعد گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں دیکھنے کیلئے آرہے ہیں۔ کچھ لوگ خوش نظر آئے تو کچھ لوگ ناراض بھی ہیں۔اس دوران کئی لوگوں نے غیر ملکی مہمان کو اپنے گھر میں مدعو کرکے ان کا استقبال بھی کیا۔ شاداب نے بتایا کہ پولک باربرا کے ساتھ محبت کی داستان 2021 میں شروع ہوئی تھی۔ ہماری بات چیت کا آغاز انسٹاگرام کے ذریعے ہوا تھا اور تب سے ہم نے ایک دوسرے سے کافی باتیں کرنی شروع کر دیں اور اس دوران ہم دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے۔ پولک باربرا نے بتایا کہ وہ یہاں آ کر بہت اچھا محسوس کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد شادی کرنے والے ہیں۔ میں کام کی تلاش میں ہوں۔میں ایک اچھا کام کرنا چاہتی ہوں۔ساتھ ہی غیر ملکی مہمان پولک باربرا نے کہا کہ مجھے ہندوستان اور ہزاری باغ بہت پسند آیا۔
جب میں ہزاری باغ پہنچی تو بہت سے لوگ مجھ سے ملنے کیلئے آئے اور مجھے سلیبریٹیز جیسا احساس ہوا۔ میں شاداب کے ساتھ بہت خوش ہوں اور میں شاداب کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔
