ڈاکٹر کیشو راؤ کا ریمارک ، ملازمین کو حکومت سے بات چیت کا مشورہ
حیدرآباد۔14 اکتوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے آر ٹی سی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال سے فوری دستبرداری اختیار کریں اور مسائل کے حل کیلئے حکومت سے مذاکرات کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ خودکشی سے مسائل کی یکسوئی ممکن نہیں۔ صورتحال کے مزید بگڑنے سے قبل آر ٹی سی یونین کے قائدین کو ہڑتال ختم کرتے ہوئے بات چیت کیلئے تیار ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے انضمام کے علاوہ دیگر مطالبات پر حکومت غور کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے سابق میں 44 فیصد فٹمنٹ اور 16 فیصد عبوری راحت کا اعلان کیا ہے۔ کیشور راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر یہ واضح کرچکے ہیں کہ آر ٹی سی کو خانگیانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہمیشہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انضمام کے علاوہ دیگر مطالبات پر غور کرے۔ کیشو راؤ نے آر ٹی سی کو خانگیانے کی تردید کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے آر ٹی سی کو مستحکم کرنے کیلئے تین مراحل میں ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور عوامی شعبہ کے اداروں میں کافی فرق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں آر ٹی سی کے انضمام پر غور نہیں کیا گیا۔ کیشو راؤ انتخابی منشور کمیٹی کے صدرنشین تھے۔