اننت گیری ہلز کو ترقی دینے کے اقدامات

   

حیدرآباد 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر سے قدرے دور وقارآباد میں خوبصورت مقام اننت گیری ہلز کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ قدرتی مناظر، آبشاروں کے حسین امتزاج کا یہ ہل اسٹیشن سیاحوں کے لئے بڑی کشش رکھتا ہے، اسے تلنگانہ کا اوٹی بھی کہا جاتا ہے۔ اب تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے اسے ایک اہم یکو ٹورازم مقام بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس نے ایک لگژریئس یکو فرینڈ لی اکاموڈیشن فسیلٹی کے قیام کے لئے اننت گیری ہلز، وقارآباد میں تقریباً 15 ایکر اراضی کی نشاندہی کی ہے اور اس کام کو کسی مناسب ایجنسی کے تفویض کرنے کا منصوبہ ہے جس کا انتخاب ایک مسابقتی بڈنگ پروسیس کے ذریعہ کیا جائے گا۔ ٹنڈر نوٹس کے مطابق اننت گیری ہلز میں ترقی کے کاموں میں کم از کم 50 لگژری یکو فرینڈلی ٹینٹس، ببل ڈوم ٹینٹس، 3 ۔ اسٹار یا مماثل زمرہ کے لکڑی کے کاٹیجس بنانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ اس میں 100 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش والا ایک ریسٹورنٹ ہوگا۔ 500 مہمانوں تک دعوت کیلئے ایک کشادہ بینکویٹ ہال ہوگا۔ ایڈوینچر سے بھرپور اسپورٹس سرگرمیوں کو شروع کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس پراجکٹ کا مقصد اننت گیری ہلز کو ایک ٹاپ ۔ ٹائر یکو ٹورازم مقام میں تبدیل کرنا ہے۔