انوار الحق کی نیو یارک میں چینی نائب صدر سے ملاقات

   

نیویارک: پاکستانی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چینی نائب صدر ہان ڑینگ نے روایتی دوستی کا اعادہ اور بہتر ہم آہنگی کے عزم کا اظہار کیا۔ چینی رہنما کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات میں پاکستان کو خاص مقام حاصل ہے۔چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق نائب صدر ہان ڑینگ اور پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر آپس میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔شنہوا کے مطابق چینی نائب صدر نے کاکڑ سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی روایتی دوستی کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی امور میں بہتر ہم آہنگی کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ہان اور کاکڑ ان دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں ہیں۔ہان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان نہ صرف پڑوسی ہیں بلکہ گزشتہ کئی نسلوں سے ایک دوسرے کے قریبی دوست اور معتبر اسٹریٹیجک پارٹنر بھی ہیں۔