انٹر طلبہ میں امتحانات کا خوف دور کرنے خصوصی کونسلنگ

   

بورڈ آف انٹر میڈیٹ اور پیرنٹس اسوسی ایشن کا اشتراک، لکچررس کیلئے علحدہ ٹریننگ کلاسیس

حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ طلبہ نے امتحانات کے خوف کو دور کرنے کیلئے طلبہ کے حقوق سے متعلق تنظیم اور تلنگانہ پیرنٹس اسوسی ایشن نے فری کونسلنگ سیشنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ سال کے واقعات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ سال نتائج کی اجرائی کے بعد کئی طلبہ نے خودکشی کرلی تھی۔ طلبہ کے حقوق سے متعلق تنظیم کے صدراچھوتا راؤ نے کہا کہ ایسے طلبہ جو امتحانات میں ناکامی کے خوف کا شکار ہیں اور جو ناکامی کی صورت میں زندگی کو ختم تصور کرتے ہیں ایسے طلبہ کیلئے ماہرین کے ذریعہ کونسلنگ سیشن منعقد کئے جائیں گے جس سے طلبہ میں امتحانات کا خوف دور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کلاسیس کے ذریعہ طلبہ کو ذہنی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ 2019 کے نتائج کے بعد 27 طلبہ نے خودکشی کرلی تھی۔ ان میں سے بعض کامیاب ہونے کے باوجود خودکشی پر مجبور ہوئے کیونکہ وہ نتائج سے مطمئن نہیں تھے۔ ماہر نفسیات ڈاکٹر رادھیکا نے کہا کہ طلبہ کے دباؤ اور ذہنی طور پر متاثر ہونے کی کئی وجوہات ہیں۔ انٹر میڈیٹ زندگی میں تبدیلی کا اہم موڑ ہوتا ہے اس موقع پر طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں جس کے نتیجہ میں ان کی صحت اور تعلیم متاثر ہوسکتی ہے۔ طلبہ کو صحتمند طرززندگی کے ساتھ بہتر نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی دوران کمشنر و سکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے طلبہ کی کونسلنگ کے سلسلہ میں پرنسپلس اور لکچررس کو اہم رول ادا کرنے پر زور دیا۔ طلبہ میں خودکشی کے رجحانات کو روکنے کے مسئلہ پر ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے عمر جلیل نے کہا کہ طلبہ کیلئے خصوصی کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے سرکاری ویب سائیٹ پر آڈیو ویژولس اَپ لوڈ کئے جارہے ہیں تاکہ انٹر میڈیٹ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو مدد ملے۔ جونیر کالجس کے لکچررس کیلئے تاحال 3 ٹریننگ اور کونسلنگ پروگرام منعقد کئے گئے۔