انٹر میڈیٹ امتحانات کا 4 مارچ سے آغاز

,

   

۔8 لاکھ سے زائد امیدواروں کی شرکت،9 بجے تک امتحان ہال پہنچنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ تھیوری امتحانات کا 4 مارچ کو ریاست بھر میں آغاز ہوگا۔ زیادہ تر امتحانات 18 مارچ تک مکمل ہوجائیں گے اور امتحانات کے اوقات صبح 8:45 تا 12 بجے دن ہوں گے۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا نمبر 040-24600110 ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رامچندرن نے امتحانات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 1339 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ 1339 چیف سپرنٹنڈنٹس، 1339 ڈپارٹمنٹل آفیسرس، 25550 انویجلیٹرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 9 لاکھ 65 ہزار 839 امیدوار امتحانات میں شرکت کریں گے جن میں فرسٹ ایر کے 4لاکھ 80 ہزار 516 جبکہ سیکنڈ ایر کے 4 لاکھ 85 ہزار 332 امیدوار ہوں گے۔ امیدوار تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی ویب سائیٹ tsbie.cgg.gov.in سے ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ چیف سپرنٹنڈنٹس کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ ڈاون لوڈ کردہ ہال ٹکٹس پر کسی کی دستخط کی ضرورت نہیں۔ کوئی بھی عہدیدار ہال ٹکٹ پر دستخط کیلئے اصرار نہ کریں۔ کالجس کے پرنسپلس بھی لاگ ان کے ذریعہ ہال ٹکٹس ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ پرنسپلس کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں بشمول فیس کی عدم ادائیگی کے نام پر طلبہ کے ہال ٹکٹس نہ روکیں۔ امیدواروں کو اپنے نام، میڈیم اور مضامین اور دیگر تفصیلات احتیاط سے جانچ کرنے چاہیئے۔ امتحان کے آغاز سے قبل ہال ٹکٹ پر تفصیلات کا جائزہ لے لیں۔ اگر کوئی تبدیلی یا خامی نظر آئے تو پرنسپل سے درست کرواسکتے ہیں۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ طلبہ کوئی بھی شکایت بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی ویب سائیٹ پر کرسکتے ہیں۔ طلبہ کو صبح 8:45 بجے اپنی نشست پر رہنا ہوگا۔ طلبہ کو 15منٹ یعنی 9 بجے تک کا وقت دیا جائے گا۔9 بجے کے بعد کسی بھی صورت میں طلبہ کو امتحانی مراکز میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیل فونس امتحانی مراکز میں لے جانے پر پابندی رہے گی۔ امیدوار کسی قسم کا پرنٹیڈ یا تحریر کردہ میٹریل ، سیل فون، پیجر، کیالکولیٹر اور کوئی بھی الیکٹرانک آلہ اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتے۔ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جوابی شیٹ انویجلیٹر کے حوالے کریں تاکہ انویجلیٹر انہیں ہال ٹکٹ واپس کریں۔ اسی دوران کمشنر بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن عمر جلیل نے امیدواروں سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔