انٹر میڈیٹ امتحانات، آج سے ہال ٹکٹس کی اجرائی متوقع

   

ایمسٹ کیلئے 15 مئی تک درخواستوں کے ادخال کی سہولت، طلبہ کو تشویش میں مبتلا نہ ہونے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے انٹر میڈیٹ امتحانات کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یکم اپریل کو انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایر اور 2 اپریل سے انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایر کے ہال ٹکٹس کی اجرائی پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ تاہم بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں 6 عہدیدار کورونا وباء سے متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف سیکشنس کے عہدیدار اور عملہ بھی ہوم کورنٹائن میں ہے۔ جس کے نتیجہ میں عملہ کی قلت سے ہال ٹکٹس کی اجرائی میں تاخیر ہونے کے بھی امکانات پائے جاتے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ 2 اپریل سے سکنڈ ایر کے طلبہ کے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں، لیکن اس میں ایک دن کی تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ایمسٹ درخواستوں کے ادخال کا عمل شروع ہوگیا ہے جس کے لئے سکنڈ ایر کا ہال ٹکٹ نمبر کا اندراج لازی ہونے کی وجہ سے فی الحال انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایر میں زیر تعلیم طلبہ درخواست داخل کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ ایمسٹ درخواستوں کے ادخال کا عمل 22 مارچ سے شروع ہوگیا ہے۔ منگل کی شام تک صرف 1319 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ صدر نشین تلنگانہ ہائر ایجوکیشن پروفیسر پاپی ریڈی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ہرگز تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔ بغیر کسی جرمانے کے 15 مئی تک ایمسٹ درخواستیں داخل کرنے کی مہلت ہے۔ انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایر کے ہال ٹکٹس ایک دو دن میں جاری ہونے والے ہیں جس کے بعد ایمسٹ کے لئے درخواستیں داخل کرنے کا طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے۔