انٹرمیڈیٹ امتحانات میں دھاندلیاں، وزیر تعلیم اور عہدیداروں کی برطرفی کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر کو اتم کماریڈی اور بھٹی وکرامارکا کا مکتوب، لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کا الزام
حیدرآباد۔22 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بے قاعدگیوں کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کی خودکشی کے ذمہ دار اور لاکھوں والدین کو تشویش میں مبتلا کرنے کے لیے وزیر تعلیم جگدیش ریڈی اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے سلسلہ میں روزانہ کئی انکشافات منظر عام پر آئے ہیں جس سے طلبہ اور سرپرستوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ تقریباً 9 لاکھ 45 ہزار طلبہ کا مستقبل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی دھاندلیوں کے سبب خطرے میں پڑچکا ہے۔ انٹرمیڈیٹ امتحان اعلی تعلیم کے لیے اہم کڑی مانا جاتا ہے، ایسے میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے طلبہ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے عہدیداروں نے ہزاروں طلبہ کے مستقبل کو تباہ کردیا اور نتائج کی اجرائی میں کئی فاش غلطیاں کی گئیں۔ نتائج میں کئی اچھے طلبہ کو ناکام قرار دیاگیا جس کے نتیجہ میں صرف تین دنوں میں 12 طلبہ نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے عہدیدار اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے طلبہ کو ہدایت دے رہے ہیں کہ وہ چالان جمع کرتے ہوئے نشانات کی دوبارہ جانچ کرلیں۔ چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میں دونوں قائدین نے کئی غلطیوں کی نشاندہی کی جن میں طلبہ کے نشانات میں الٹ پھیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس اہم مسئلہ پر چیف منسٹر خاموش ہیں۔ انہوں نے کم از کم بورڈ کے عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے معلومات تک حاصل نہیں کی۔ وزیر تعلیم نے اس مسئلہ پر کوئی جائزہ اجلاس طلب نہیں کیا۔ بھٹی وکرامارکا اور اتم کمار ریڈی نے اعلی سطحی تحقیقات کے ذریعہ طلبہ سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کرتے ہوئے نشانات کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے طلبہ کے والدین کو مناسب امداد دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی بے قاعدگیوں کو روکنے کے لیے حکومت کو چاہئے کہ وہ ماہرین تعلیم سے مشاورت کرے۔