حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے 26 فروری سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس اور ڈسٹرکٹ اگزامنیشن کمیٹی ممبرس کے ساتھ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ امتحانی مراکز پر بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے ضلع کلکٹرس کے ساتھ بہتر تال میل کریں۔ امیدواروں کو کسی بھی تکلیف سے بچانے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کرشنا ادتیہ نے بتایا کہ پریکٹیکل امتحانات کی طرح تھیوری امتحانات کے شفافیت سے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سنٹرل کنٹرول روم کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی۔ امتحانی مراکز میں نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ ضلع عہدیداروں کو امتحانی مراکز کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لینے اور پرامن انعقاد کی ہدایت دی گئی ۔1
امتحانی مراکز میں پینے کے پانی ، ٹائلیٹس ، فیان اور دیواری گھڑی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سکریٹری نے واضح کیا کہ کسی بھی امتحانی مرکز میں امیدواروں کو فرش پر بیٹھنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو یقین دلایا کہ امتحانات کے موثر انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔1