انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام کے پرنسپل کی برطرفی

   

ریاض (کے این واصف): انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام کی انتظامی کمیٹی کے چیرمین کے جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق اسکول کے پرنسپل زبیر خاں کو ان کی خدمات سے فوری طور پر برطرف کردیا گیا۔ زبیرخاں پر اسکول کے قوانین کی پابندی نہ کرنے اور مالی خردبرد جیسے الزام ہیں۔ بتایا گیا کہ یہ فیصلہ پرنسپل کی سرگرمیوں کی مکمل تحقیق کروانے کے بعد کیا گیا۔ پرنسپل زبیرخاں کے ساتھ اسکول کی فینانس کمیٹی کے رکن اور سابق میں کمیٹی کے چیرمین رہے کلیم احمد کو بھی ان کے عہدہ کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے ان کو انتظامی کمیٹی کی رکنیت سے فارغ کردیا گیا۔ دریں اثناء انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ میں بھی کچھ اسکول قوانین کی خلاف ورزی اور مالی بدنظمی سے متعلق خبریں سوشل میڈیا اور ہندوستانی اخبارات میں گشت کررہی ہیں مگر ان خبروں پر دوطرفہ حقائق کے حاصل ہونے پر ہی تفصیلی رپورٹ پیش کی جاسکتی ہے۔ واضح رہیکہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں جملہ دس انٹرنیشنل انڈین اسکولز قائم ہیں جن میں ہندوستانی بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد زیرتعلیم ہے۔دمام اسکول تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑا اسکول مانا جاتا ہے۔