بیجنگ ،7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی پولیس برائے جرائم کی روک تھام (انٹرپول) کے سابق صدر اور بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کر رہے چین کے باشندے منگ ھونگ کی اہلیہ گریس منگ نے انٹرپول کے خلاف ہیگ میں واقع ثالثی کی مستقل عدالت میں مقدمہ درج کرایا ہے اور بین الاقوامی پولیس ادارے پر اپنے کنبے کی حفاظت کرنے میں ناکام رہنے اور انہیں خاموش رہنے کے لئے دھمکانے کا الزام لگایا ہے ۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار نے اتوار کو محترمہ منگ کے حوالے سے لکھا‘‘ انٹرپول میرے کنبے کی حفاظت اورا مداد کرنے میں ناکام رہا ہے اور یہ بین الاقوامی سطح پر چین (انٹرپول کا رکن ملک) کے غلط کاموں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ بولنے کی انٹرپول کی دھمکی کے باوجود میں اعلان کر رہی ہوں کہ میں نے انٹرپول کے خلاف ہیگ میں واقع ثالثی کی مستقل عدالت میں قانونی کارروائی شروع کی ہے ۔’’اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ محترمہ منگ نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد یہ جاننا ہے کہ انٹرپول نے ملازمین کے تیئں ان کی ذمہ داری کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔
