انڈر19 ایشیا کپ : ہندوستانی کرکٹرکا اسپورٹس مین شپ مظاہرہ

   

Ferty9 Clinic

آج ہندوستان کا ملیشیا اور پاکستان کا متحدہ عرب امارات کی ٹیم سے مقابلہ
دبئی۔ 15 ؍ڈسمبر ( ایجنسیز ) دبئی میں جاری انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر کشن سنگھ نے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرکے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ میچ کے دوران جب پاکستانی ٹیم نشانہ کا تعاقب کر رہی تھی تو ایک خوشگوار واقعہ پیش آیا جس نے ثابت کیا کہ کرکٹ اب بھی جینٹل مین گیم ہے۔بیٹنگ کے دوران 60 رنز پرکھیلنے والے پاکستانی بیٹر حذیفہ احسن کے ایک جوتے کا تسمہ کھل گیا جسے انہوں نے باندھنے کی کوشش کی لیکن پیڈز اور گلوز کی وجہ سے انہیں ڈوری باندھنے میں مشکل کا سامنا تھا، اس موقع پر ہندوستانی فاسٹ بولر کشن سنگھ آگے بڑھے اور انہوں نے جھک کر حذیفہ کا تسمہ باندھ دیا۔ انڈین کرکٹر کے اس عمل نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے اور اس عمل پر ان کی خوب تعریف کی جارہی ہے کہ انہوں نے ایسے سیاست زدہ ماحول میں بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کو زندہ رکھا۔ایک سوشل میڈیا صارف نے اس موقع کی تصویر کو ‘پکچر آف دا ڈے’ قرار دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ یہ ایک بڑے پیغام کے ساتھ چھوٹا سا عمل تھا کہ کرکٹ صرف جیت اور ہار کا نام نہیں۔ ایک اور صارف نے اسے سال کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے انڈین کرکٹر کو خراج تحسین پیش کیا۔ کل کھیلے گئے میاچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی۔روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے انڈر19 ایشیاکپ کے اہم مقابلے میں پاکستان کی ٹیم 241 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں صرف 150 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انڈین کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کے نتیجے میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست ہوئی۔ میچ ختم ہونے کے بعد سب کی نظریں اس بات پر تھیں کہ آیا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان مصافحہ ہوگا کیونکہ ایسی اطلاعات تھیں کہ آئی سی سی ایسا کرنا چاہتی ہے تاہم ایسا نہیں ہوا ‘ کھلاڑی اپنے الگ الگ راستے پر چلے گئے۔منگل 16ڈسمبر کو متحدہ عرب امارات کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا جبکہ ہندوستان کا مقابلہ ملیشیا کی ٹیم سے ہوگا۔