جکارتہ ۔11 اگست (ایجنسیز) پیرو کی صدر دینا بولوارٹے نے پیر کو انڈونیشیا کے صدر پروبواہ سبیانتو سے ملاقات کی۔ یہ دورہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے کیونکہ دونوں ممالک جغرافیائی سیاسی چیلنجز اور بڑھتی ہوئی تجارتی رکاوٹوں کے درمیان نئی منڈیوں کی تلاش میں ہیں۔ یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو درجنوں ممالک پر درآمدی محصولات میں اضافہ کرنا شروع کیا، جن میں انڈونیشیا پر 19 فیصد شرح نافذکی گئی ہے۔ پیرو سے آنے والی درآمدات پر اپریل میں طے شدہ10 فیصد کی بنیادی شرح نافذ ہے۔ بولوارٹے سہ پہر انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ پہنچیں، یہ دورہ صدر پروبواہ کی اس دعوت پر ہوا جو دونوں رہنماؤں کی نومبر 2024 میں پیرو میں ہونے والی اے پی ای سی سمٹ میں ملاقات کے دوران دی گئی تھی۔ یہ دو روزہ دورہ پیرو اور جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت انڈونیشیا کے درمیان تعلقات کوگہرا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب دونوں ممالک نے مئی میں شروع ہونے والے ’’جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے‘‘ (سی پا) پر مذاکرات مکمل کر لیے ہیں۔ سبیانتو نے بولوارٹے کا جکارتہ میں مردیکا پیلس میں ایک تقریب کے ساتھ استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے بند کمرے میں دو طرفہ اجلاس کی قیادت کی۔