انڈونیشیا زلزلے سے لرز اٹھا،سونامی وارننگ جاری

   

جکارتہ : انڈونیشیا کے مشرقی علاقے میں منگل کو 7.4 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا جس کے بعد محکمہ موسمیات نے سونامی کی وارننگ جاری کردی.زلزلے سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔فلورس جزیرے کے مشرقی حصے میں واقع لارنٹوکا کے قصبے سے 70میل دور شمال مغرب میں رات تین بج کر بیس منٹ پر بحیرہ فلورس میں یہ زلزلہ آیا قصبے کے رہائشی آگسٹینس فلورینس نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ زلزلے کے خوف سے ہر کوئی باہر گلی میں بھاگا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 1992 میں بھی انڈونیشیا کے علاقے موامرے میں اسی طرح کی شدت کے زلزلے سے بری طرح نقصان پہنچا تھا۔مالوکو، مشرقی نوسا تینگارا، مغربی نوسا ٹینگگارا اور جنوب مشرقی اور جنوبی سولاویسی کے علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے اعدادوشمار بھی یہی بتاتے ہیں کہ زلزلے کی شدت 7.3 تھی۔ انڈونیشیا کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ پہلے زلزلے کے بعد لارنٹوکا شہر میں 5.6 شدت کا آفٹر شاک بھی محسوس کیا گیا۔لارنٹوکا کے رہائشی زکریا گینٹانا کیرانز نے رائٹرز کو بتایا کہ ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے زمین لہروں کی صورت اوپر نیچے ہورہی ہو۔