انڈیا اتحاد کا دہلی میں کل بڑا احتجاجی مارچ : کانگریس کا اعلان

,

   

گیانیش کمار کو بہرصورت مستعفی ہونا پڑیگا ۔ اپوزیشن جماعتوں اور عوام سے شرکت کی اپیل
نئی دہلی 10 اکٹوبر ( ایجنسیز ) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بہرصورت مستعفی ہونا پڑے گا اور اس مطالبہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ کانگریس پارٹی نے آج یہ اعلان کیا اور پیر 12 اکٹوبر کو دہلی میں گیانیش کمار کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس نے انڈیا اتحاد کی تمام سیاسی جماعتوں اور تمام متفکر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیر کو ہونے والے اس احتجاجی مارچ میں حصہ لیں ۔ کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا کہ ہم تمام متفکر ہندوستانی شہریوں سے جو ملک کی جمہوریت کو بچانے کی فکر رکھتے ہیں ‘ اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیر کو دہلی میں ہونے والے ایک بڑے مارچ میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مودی ۔ شاہ حکومت کی جانب سے ملک گیر سطح پر ہونے والی ووٹ چوری کے خلاف یہ مارچ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مارچ کی تیاری کے سلسلہ میں ایک جامع اجلاس ایک دن قبل ہی ہوچکا ہے ۔ انڈیا اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ ‘ قائدین ‘ ورکرس اور تمام متفکر شہریوں کی جانب سے گیانیش کمار اور دیگر الیکشن کمشنران کے خلاف یہ مظاہرہ کیا جائے گا اور اتحاد کے سینئر قائدین کی جانب سے چیف جسٹس آف انڈیا کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے اس بحران میں مداخلت کی اپیل کی جائے گی ۔ ابھی انڈیا اتحاد کی دیگر جماعتوں نے اس احتجاجی مارچ میں شرکت کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں دی ہے تاہم سابق چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی شرکت کی توثیق ہوگئی ہے ۔ ممتابنرجی آج سی جے پی احتجاج میں شرکت کیلئے دہلی آئی تھیں اور انہوں نے پیر کو ہونے والے مظاہرہ تک دہلی میں ہی قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ممتابنرجی اور دیگر کئی قائدین کو آج دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا تھا جب وہ جنتر منتر پہونچنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی آج کے احتجاج کے بعد کولکتہ واپس ہوگئے تھے تاہم وہ پیر کو دوبارہ دہلی آئیں گے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ احتجاج ایسے وقت کیا جا رہا ہے جب دہلی میں سی جے پی کی جانب سے معلنہ احتجاج کے خلاف زبردست طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ہزاروں افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ انڈیا اتحاد کی جماعتوں کی جانب سے بڑے مظاہرہ کی تیاری کی جا رہی ہے اور کئی قائدین اس میں شرکت کرسکتے ہیں۔