انڈیا الائنس مخلوط حکومت بنانے کی کوشش نہیں کرے گا

   

ٹھوس حمایت ملنے پر مستقبل میں غور ‘ دہلی میں انڈیا بلاک قائدین کا اہم اجلاس

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد این ڈی اے نے حکومت بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا گیا تاکہ لیڈر کا انتخاب کیا جاسکے اور اتحاد کی جماعتوں نے نریندر مودی کو اپنا لیڈر منتخب کرلیا۔ وہیں دوسری طرف انڈیا الائنس نے بھی ایک اہم میٹنگ کی۔ سبھی پارٹیوں کے لیڈران دہلی پہنچے۔ تقریباً 2 گھنٹے کی میٹنگ کے بعد انڈیا الائنس نے اہم فیصلہ کیا۔ اتحادی لیڈروں نے واضح کیا کہ وہ ابھی حکومت بنانے کے حق میں نہیں ہیں اور دعویٰ پیش نہیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ انڈیا الائنس فی الحال مخلوط حکومت بنانے کی کوشش نہیں کرے گا۔ ٹھوس حمایت ملنے کی صورت میں مستقبل میں اس پر غور کیا جائے گا۔ لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کو صرف 234 سیٹیں ملی ہیں اور وہ اکثریت سے 38 سیٹیں دور ہے۔دیگر جماعتوں سے بات چیت کے بعد اتحاد کے رہنما اکثریت کیلئے مطلوبہ اعداد و شمار حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے نظر نہیں آئے۔ اس لیے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام 543 لوک سبھا سیٹوں کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 292 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے جبکہ انڈیا بلاک نے بھی تقریباً 234 نشستیں حاصل کی ہیں۔ وہیں دیگر جماعتوں کو مجموعی طور پر 17 سیٹیں ملی ہیں۔کانگریس کی زیرقیادت اپوزیشن انڈیا بلاک نے اپنے اگلے لائحہ عمل کو قطعیت دی۔.اپوزیشن اتحاد جس نے اپنی بہتر کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا، اس کے پاس موجودہ 234 سیٹیں ہیں اور وہ نتیش اور نائیڈو دونوں سے رابطہ کر سکتے ہیں کہ وہ بی جے پی اور این ڈی اے کو تیسری بار اقتدار میں آنے سے روکیں۔دریں اثنا بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ چندرابابو نائیڈو بھی این ڈی اے کی میٹنگ کے لیے دہلی پہنچے۔