لاہور: پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انڈیا جاکر ورلڈکپ 2023 کھیلنے اور ٹرافی جیت کر آنے پر زور دیا ہے۔ پرائیویٹ ٹی وی چیانل کے ایک پروگرام میں آفریدی نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) اتنا اٹل کیوں ہے اور کیوں کہا جارہا ہے کہ ہم ہندوستان نہیں جائیں گے، پی سی بی کو چیزوں کو واضح کرنے اور یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ انٹرنیشنل ٹورنمنٹ ہے جسے مثبت لینا چاہئے، جائیں اور کھیلیں۔ آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنے لڑکوں سے کہنا چاہئے کہ جائیں اور ٹرافی جیت کر لائیں ، پوری قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہے، پاکستان کی ورلڈکپ میں جیت نہ صرف بڑی جیت ہوگی بلکہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کیلئے زوردار طمانچہ ہوگا۔ آفریدی نے کہا کہ پی سی بی کے پاس بہت سے آپشن موجود نہیں ہیں۔ اس کے بجائے پی سی بی کو ورلڈکپ کے حوالے سے دورۂ ہندوستان کیلئے مثبت ہونے کی ضرورت ہے۔ یہی نہیں بلکہ ٹرافی جیت کر لانے سے روایتی حریفوں کو بھی واضح پیغام دے سکتے ہیں۔ اس لئے ہندوستان جائیں اچھی کرکٹ کھیلیں اور ٹرافی جیت کر یہ بتائیں کہ ہم کہیں بھی جاکر کھیل سکتے ہیں۔ یہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے مفید ہوگا۔