محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو بی ونود کمار کا مکتوب
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں پر زور دیا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں تلنگانہ کے طلبہ کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ حکومت کے تعاون سے ملک میں یہ ادارہ قائم کیا جارہا ہے ۔ نیشنل سائنس ڈے کے موقع پر ونود کمار نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعداد میں اضافہ کی مساعی کی جائے تاکہ تلنگانہ کے طلبہ بہتر مستقبل کے ساتھ ملک کی خدمت کرسکیں۔ یکم اگست کو انسٹی ٹیوٹ کے دوسرے سیشن کیلئے ٹسٹ منعقد کیا جارہا ہے ، لہذا محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ابھی سے تیاری کرنی چاہئے ۔ ونود کمار نے سکریٹری محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا ہے ۔ انہوں نے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کوالیفائی طلبہ کی تعداد دیگر ریاستوں سے کم ہے ۔ گزشتہ سال 7555 طلبہ نے کیرالا سے ٹسٹ میں شرکت کی تھی اور تلنگانہ کے طلبہ کی تعداد محض 644 رہی۔ کیرالا کے طلبہ کو 48.1 فیصد نشانات حاصل ہوئے جبکہ تلنگانہ کے طلبہ صرف 25.74 فیصد نشانات حاصل کرسکے۔ آندھراپردیش ، مغربی بنگال اور اڈیشہ کے طلبہ کا مظاہرہ تلنگانہ سے بہتر رہا۔