سرحدوں پر کشیدگی دور کرنے دونوں ملکوںکے اقدامات جاری :چینی عہدیدار
نئی دہلی ؍ بیجنگ ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اور چینی ملٹری کمانڈروں نے چہارشنبہ کو ثمرآور بات چیت منعقد کی تاکہ مشرقی لداخ میں جاری سرحدی تعطل کو ختم کیا جاسکے۔ ایک روز قبل اونچائی والے خطہ کے کئی اہم مقامات سے دونوں ملکوں نے فوجیوں کو ہٹانے کا عمل شروع کیا تھا۔ میجر جنرل کی سطح پر ساڑھے چار گھنٹے کے مذاکرات میں ہندوستانی وفد نے پہلے کے موقف کی مکمل بحالی پر زور دیا اور کہا کہ لداخ کے علاقوں سے چینی دستوں کو فوری طور پر ہٹالینا چاہئے۔ ایک سینئر ملٹری عہدیدار نے تفصیل بتائے بغیر کہا کہ بات چیت مثبت رہی جبکہ دونوں فریقوں نے اچھے ماحول میں بات کی۔ دونوں طرف کی فوجیں بات چیت کے ذریعہ اس تنازعہ کو ختم کرنے کی پابند عہد ہیں۔ ادھر چین نے کہا کہ ہندوستانی اور چینی دستے 6 جون کو دونوں ملکوں کے سینئر ملٹری حکام کے مثبت اتفاق رائے کے مطابق کام کررہے ہیں، جس کا مقصد سرحدوں پر کشیدگی کو دور کرنا ہے۔ بیجنگ میں ترجمان وزارت خارجہ کے ان ریمارکس کا پس منظر ایک روز قبل انڈیا اور چائنا کی فوجوں کی مشرقی لداخ کے چند علاقوں سے افواج کی محدود دستبرداری ہے۔ اس اقدام سے امید پیدا ہوئی کہ دونوں ملک ملٹری سطح پر بات چیت کے ایک اور دور کے ساتھ سرحدی تنازعہ کو پرامن طور پر حل کردینا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے مزید تفصیلات سے گریز کیا۔