5 ریاستوں کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ، 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو الاٹ کرنے پر زور
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) انڈین یوتھ کانگریس کی قومی عاملہ کا سہ روزہ اجلاس آج حیدرآباد میں شروع ہوا۔ اجلاس میں ملک کی تمام ریاستوں سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس کے صدور اور عاملہ کے ارکان شریک ہیں۔ شہر کی ایک ہوٹل میں پرچم کشائی کے ذریعہ اجلاس کا آغاز ہوا۔ انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر بی وی سرینواس، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی، مہیش کمار گوڑ، صدر ریاستی یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کو درپیش مختلف مسائل پر علحدہ علحدہ سیشن میں مباحث کا اہتمام ہوگا۔ شیوسینا ریڈی کے مطابق پہلی مرتبہ قومی عاملہ کا اجلاس حیدرآباد میں ہورہا ہے جس میں تلنگانہ کے بشمول پانچ ریاستوں کے انتخابات میں یوتھ کانگریس کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ ڈیکلریشن کو عوام تک پہنچانے کیلئے بس یاترا شروع کی جائے گی جس کا آغاز گجویل سے ہوگا۔ یوتھ کمیشن کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو 10 لاکھ روپئے تک امداد کی تجویز انتخابی منشور میں شامل کی جائے گی۔ انتخابات میں یوتھ کانگریس کارکنوں کو ٹکٹ الاٹمنٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ قومی عاملہ نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی اقتدار پر واپسی یقینی ہے۔ چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل سے عنقریب یوتھ کانگریس کی بس یاترا کا آغاز ہوگا۔ چھتیس گڑھ میں منعقدہ کانگریس اجلاس میں نوجوانوں کو 50 فیصد ٹکٹ الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ر