انکت کو شہید کا درجہ دینے ارکان خاندان کا مطالبہ

   

نئی دہلی28فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) شمال مشرقی دہلی میں بھڑکے فسادات میں ہلاک ہوئے انٹیلی جنس بیورو کے جوان انکت شرما کے اہل خانہ نے انہیں شہید کا درجہ دیے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مہلوک کے اہل خانہ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے جمعہ کے روزمطالبہ کیا کہ انکت کو شہید کا درجہ دیا جانا چاہئے ۔ اہل خانہ نے نہرو وہار سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے کونسلر طاہر حسین کے خلاف جلد از جلد سخت کا رروائی کئے جانے کی مانگ بھی کی ہے ۔ اہل خانہ نے طاہر حسین پر انکت کے قتل کا الزام عائد کیا ہے ۔ انکت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چاقوؤں سے حملہ کرکے اسے بے رحمی سے قتل کرنے کا ذکر ہے ۔ طاہر حسین پر انکت کے قتل کا الزام عائد ہونے کے بعد ‘ آپ ’ نے اسے ابتدائی رکنیت سے معطل کر دیا ہے ۔ طاہر حسین کے خلاف دہلی پولیس نے قتل کا معاملہ درج کیا ہے ۔