انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ: ملزم کا باپ اور بھائی بی جے پی سے معطل

   

پلکت آریہ کا ریسارٹ نذرِ آتش‘ عوام کا بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف احتجاج
رشی کیش :اتراکھنڈ میں پیش آئے انکتا بھنڈاری قتل معاملہ میں بی جے پی کو بہت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے حالانکہ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے، لیکن لوگوں میں اس بات کو لے کر کافی غصہ ہے کہ بار بار ریسارٹ سے متعلق شکایت کے باوجود بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ (انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ کا ملزم) کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، ورنہ انکتا آج زندہ ہوتی۔انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ میں پارٹی کا نام خراب ہوتا دیکھ کر بی جے پی نے پلکت آریہ کے والد ونود آریہ اور اس کے بھائی انکت آریہ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان دونوں کو ہی پارٹی سے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی ریاستی صدر مہندر بھٹ نے اس کارروائی سے متعلق جانکاری دی۔ حکومت نے اتراکھنڈ او بی سی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ سے بھی انکت آریہ کو ہٹا دیا ہے۔اس درمیان انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ سے لوگوں میں غصہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ کے ریسارٹ کو نذرِ آتش بھی کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، مقامی لوگوں نے بی جے پی رکن اسمبلی رینو بشٹ کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی کار کے ساتھ توڑ پھوڑ کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی سیکورٹی میں رکن اسمبلی کو وہاں سے نکالا گیا۔ انکیتا بھنڈاری کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے پلکیت آریہ کی ملکیت والے رشی کیش کے ونتارا ریسارٹ پر انتظامیہ نے جمعہ کی دیر رات بلڈوزر چلا دیا ہے۔ ابھینو کمار، چیف منسٹر کے اسپیشل پرنسپل سکریٹری پشکر سنگھ دھامی نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے بعد ملزم کی جائیداد کو منہدم کرنے کی کارروائی کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ انکیتا اس ریسارٹ میں ریسپشنسٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔ وہ 18 ستمبر سے لاپتہ تھی، جب پولیس نے تفتیش شروع کی تو 22 ستمبر کو پتہ چلا کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔ اس قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔ بی جے پی لیڈر اور سابق ریاستی وزیر ونود آریہ کا بیٹا پلکت آریہ اس قتل کیس میں اہم ملزم ہے۔اس درمیان اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کی صبح ٹویٹ کیا اور بتایا کہ انکیتا بھنڈاری کی نعش نہر سے برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا، ‘آج صبح بیٹی انکیتا کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعہ سے میرا دل بہت دکھی ہے۔ قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دلانے کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس پی رینوکا دیوی کی قیادت میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس سنگین معاملے کی گہرائی سے جانچ کا حکم دیا ہے۔
دیر رات ملزمان کے غیر قانونی طور پر بنائے گئے ٹھکانے پر بھی بلڈوزر چلا کر کارروائی کی گئی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اس گھناؤنے جرم کے مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔