انگلینڈ کو 94 سال میں پہلی شرمناک شکست

   

وولور ہیمپٹن۔ انگلینڈ کو نیشنز لیگ فٹ بال ٹورنمنٹ میں ہنگری کے خلاف 4-0 کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو کہ 1928 کے بعد ان کی سرزمین پر بدترین شکست ہے۔94 سال میں انگلینڈ کو اپنی سرزمین پر ایسی شکست برداشت کرنی پڑی ۔انگلینڈ جس نے گزشتہ سال یورپی چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، اسے ہنگری کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد اپنے مداحوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ یورپی چمپئن اٹلی کے لیے بھی یہ اچھا دن نہیں تھا کیونکہ اسے جرمنی کے خلاف 5-2 سے شکست ہوئی تھی۔انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہا کہ کئی سالوں میں یہ ہماری پہلی بڑی شکست ہے۔ ہمیں اسے بھول کرآگے بڑھنا ہو گا۔ ہنگری نے 16ویں منٹ میں رولینڈ سالائی کے گول سے برتری حاصل کی۔ اس کے بعد سالائی نے 70 ویں منٹ میں اسکورکو 2-0 کر دیا۔ جسولٹ ناگی نے 10 منٹ بعد تیسرا گول کیا جبکہ ہنگری کی جانب سے چوتھا گول ڈینیئل گزڈگ نے کیا۔ 94 سال قبل اسکاٹ لینڈ کے خلاف 5-1 سے شکست کے بعد یہ انگلینڈ کی اپنی سرزمین پر سب سے بڑی شکست ہے۔ اٹلی ابھی ورلڈ کپ میں جگہ کھونے کے غم سے باہر نہیں نکلا ہے اور اب اسے جرمنی نے عبرتناک شکست دے کر ان کے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔ جرمنی ایک موقع پر 5-0 سے آگے تھا جس کے بعد اٹلی نے دو گول کر کے شکست کا فرق کم کیا۔