انگلینڈ کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے: معین علی

   

لاہور ۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ 5 میں ملتان سلطانزکی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے کہا ہے کہ پاکستان سوپر لیگ میں ان کی شرکت کی ایک اہم وجہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کیلئے کوشش کرناتھا اب اگر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم یہاں کا دورہ کرتی ہے تو میں اس کیلئے سب سے اہم کردار اداکروں گا، اس سے باقی دنیا کو بھی پیغام جائے گا جو کرکٹ کیلئے بہترین ہو گا۔ معین علی نے ایک انٹرویو میں کہاکہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اگر مجھ سے دورہ پاکستان کے حوالے سے پوچھا تو میں یقیناً سچائی سے کام لوں گا اور جانبدار رویہ نہیں اپناؤں گا، میں جوکچھ بھی سوچتا ہوں اس کے بارے میں آگاہ کردوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں خودکو محفوظ تصورکرتا ہوں اور بحیثیت کھلاڑی میں چاہتا ہوں کہ یہاں کرکٹ کی واپسی ہو، میں امید کرتا ہوں میں انگلینڈ کی اس ٹیم کا حصہ ہوں گا جو یہاں کا دورہ کرے گی۔میرے آباؤ اجداد کا پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے یہاں آنا اور آکرکھیلنا ایک مختلف تجربہ ثابت ہوا۔