لندن ۔ براعظم یورپ کی بہترین فٹ بال ٹیم کون سی ہے اس کا فیصلہ ہونے میں اب صرف تین میچ باقی ہیں لیکن جہاں بڑی بڑی ٹیموں کو ایونٹ میں شکست ہوئی وہیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی چاروں ٹیمیں آگے بڑھنے کے لیے پر عزم ہیں۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 7 جولائی کو اٹلی اور اسپین کے درمیان ہو گا جب کہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات 8 جولائی کو رات 12 بجے انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے آخری تینوں میچز جس میں فائنل بھی شامل ہے، انگلینڈ کے شہر لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دیگر ٹیموں کی طرح انگلش فٹ بال ٹیم کو دوسرے شہر جاکر میچ نہیں کھیلنا پڑا اور اس نے اپنے سارے گھریلو میدان اور مقامی عوام کے سامنے کھیلے۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل اٹلی اور اسپین کے درمیان ہوگا جس میں چار مرتبہ سیمی فائنل رسائی حاصل کرنے والی ہسپانوی ٹیم کا مقابلہ اطالوی ٹیم کے ساتھ ہو گا۔ ایک طرف ہسپانوی ٹیم جس نے جب بھی سیمی فائنل میں جگہ بنائی اسے کامیابی ہوئی چار مرتبہ فائنل کھیلنے والی اس ٹیم نے تین مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔ پہلی کامیابی اسے 1964، دوسری 2008 ور تیسری 2012 میں حاصل ہو ئی جب کہ اسے گرینڈ فینالے میں واحد ناکامی 1984 میں ہوئی۔ دوسری جانب ہے اطالوی ٹیم جس نے ٹورنمنٹ کا فائنل تو تین مرتبہ کھیلا، لیکن سیمی فائنل میں پانچ بار جگہ بنائی۔ اس نے پہلی بار یہ ایونٹ 1968 میں جیتا جب کہ 1980 اور 1988 میں اس نے سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کیا لیکن 2000 اور 2012 میں فائنل کھیلنے کے باوجود اس کی ٹرافی کی تعداد ایک ہی رہی۔ پانچ دہائیوں سے اٹلی کے فٹ بالرزکو ٹرافی چھونے کی تمنا ہے، 2012 میں اٹلی اور اسپین کی ٹیمیں ایونٹ کے فائنل میں پہنچی تھیں جس میں اسپین نے اٹلی کو 4-0 سے زیرکیا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ پہلی اور ڈنمارک دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے کی کوشش کرے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو گھریلو میدانوں اور مقامی عوام کا فائدہ تو ہوگا لیکن ڈنمارک کے پاس فائنل کھیلنے اور جیتنے کا تجربہ ہے جو انگلش ٹیم کے پاس نہیں۔ 1992 کی فاتح ڈینش ٹیم نے 1964 اور 1984 میں ایونٹ کا سیمی فائنل کھیلا جب کہ انگلینڈ نے یہاں تک رسائی 1968 اور1996 میں حاصل کی۔ اگر ڈنمارک کی ٹیم فاتح ہوئی تو 1992 کے بعد پہلا اور اگر انگلش ٹیم نے لاسٹ 4 معرکہ جیتا تو یوئیفا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنائے گی۔