انگلینڈ ۔پاک ٹسٹ سیریز مسائل کا شکار

   

کراچی ۔ پاکستانی ٹیم بہت برے دور سے گزر رہی ہے۔ حال ہی میں وہ بنگلہ دیش کے خلاف اپنے گھر پر ٹسٹ سیریز ہارگئے۔ اس سیریز میں اسے 0-2 کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب اطلاعات ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز پاکستان سے باہر منتقل کی جا سکتی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کو اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور پاکستانی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تین میچوں کی ٹسٹ سیریز کا انعقاد باہرکرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستانی اسپورٹس صحافی ساجد صادق نے ایک ٹوئٹ کیا جس کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ سیریزکے ٹیلی ویژن حقوق فروخت نہیں کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امکان ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ سیریز کا انعقاد ملک سے باہرکرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ اسٹیڈیم ابھی تک تیار نہیں ہیں۔ انگلینڈ اور پاکستان کو پہلے دو ٹسٹ میچ ملتان اور کراچی میں کھیلنا ہیں۔ آخری ٹسٹ راولپنڈی میں کھیلا جانا ہے۔ حال ہی میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دونوں میچز راولپنڈی میں کھیلنا پڑا کیونکہ وہاں دوسرے اسٹیڈیم میں کام جاری ہے۔ اس اسٹیڈیم کو چمپئنز ٹرافی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ تاہم پاکستانی ٹیم کو اپنی ہوم پچ بھی پسند نہیں ہے۔ پاکستان اپنے گھر پر آخری دس میں سے ایک بھی ٹسٹ میچ نہیں جیت سکا۔ اسے اپنے گھر پر انگلینڈ اور بنگلہ دیش سے ٹسٹ سیریز ہارنا پڑی۔ جس کے نتیجے میں وہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ویسے پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھی ایک اور سوال اٹھ رہا ہے۔ دراصل انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے قبل پاکستان میں چمپئنز کپ کھیلا جانا ہے جس کا انعقاد ونڈے فارمیٹ میں کیا جائے گا۔ اس ٹورنمنٹ میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی اور پاکستانی ٹیم کا ہر ٹاپ کھلاڑی اس میں کھیلے گا۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریزکی تیاری کیسے کرے گی؟