انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں پر اظہار اطمینان

   

مزید منزلوں کے ساتھ مقررہ وقت میں تعمیر کی ہدایت ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ، وزیر کے ایشور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز): وزیر اقلیتی بہبود تلنگانہ کے ایشور نے انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید دو فلورس کے ساتھ دوسری تعمیرات مقررہ وقت پر تکمیل کرنے اور کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ وہ آج انیس الغرباء زیر تعمیر کامپلکس میں انیس الغربا کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی اجلاس سے مخاطب تھے ۔ جس اجلاس میں وزیر کے ایشور ، صدر نشین ریاستی وقف بورڈ محمد سلیم ، مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی ، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، ڈائرکٹر شاہنواز قاسم حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں کے علاوہ وقف بورڈ و محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں کے علاوہ کنٹراکٹر بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی بہبود نے انیس الغرباء کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ درپیش مسائل پر بھی غور و خوض کیا تعمیرات میں تاخیر ہونے کی وجوہات طلب کی جس پر عہدیداروں نے بتایا کہ پلان میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے ۔ پہلے G+6 عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا اس پلان میں مزید 2 فلورس کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم مقررہ وقت پر انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کے لیے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کا مشورہ دیا اور تعمیری کاموں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ صدر نشین ریاستی وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ تعمیری کاموں سے کنسٹرکشن و ڈیولپمنٹ کمیٹی پوری طرح مطمئن ہے ۔ اجلاس میں تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ تعمیری کاموں میں حائل ہونے والے درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے تعمیری کاموں کے پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ساتھ ہی کامپلکس کی ملگیات کو کرایہ دینے کا جائزہ لیتے ہوئے ٹنڈرس طلب کرنے پر غور کیا جائے گا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ حکومت غریب و یتیم بچوں کو مفت قیام و طعام کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوشش کررہی ہے ۔ یتیم بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے ہم ایک ٹیم ورک کی طرح کام کررہے ہیں ۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں نے کہا کہ کامپلکس کے تعمیری کاموں کے معیارمیں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے عمارت کے تعمیری کاموں میں تاخیر ہونے کی تردید کی اور کہا کہ فنڈز کی بھی کوئی کمی نہیں ہے ۔ پلان میں تبدیلی ہوئی ہے باوجود اس کے مقررہ وقت پر تعمیری کاموں کو تکمیل کردیا جائے گا ۔ اے کے خاں نے بتایا کہ انیس الغرباء میں موجود بچوں کو فی الوقت مشیر آباد کے ٹمریز میں رکھا گیا ہے ۔ ان کی تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ کامپلکس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ان بچوں کو دوبارہ یہاں منتقل کیا جائیگا ۔ 600 بچوں کو انیس الغرباء میں رکھنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ تعمیری کام اطمینان بخش انداز میں چل رہا ہے ۔ آج کے اجلاس میں تعمیری کاموں پر بھی سبھی نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔۔